ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / مصر دہشت گردوں کی مالی معاونت کرنے والوں کو معاف نہیں کرے گا:السیسی

مصر دہشت گردوں کی مالی معاونت کرنے والوں کو معاف نہیں کرے گا:السیسی

Sun, 23 Jul 2017 17:10:12  SO Admin   S.O. News Service

قاہرہ 23جولائی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا): مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے ہفتے کے روز اسکندریہ سے مغرب میں واقع شہر الحمام میں ملک کے سب سے بڑا فوجی اڈے کا افتتاح کر دیا ہے۔اس موقع پر تقریر کرتے ہوئے انھوں نے قطر کا نام لیے بغیر کہا ہے کہ وہ ایک جانب دہشت گردوں کی مالی معاونت کرتا ہے اور دوسری جانب بھائی چارے کی باتیں بھی کرتا ہے۔مصری میڈیا کی رپورٹ کے مطابق محمد نجیب ملٹری بیس مشرقِ وسطیٰ اور افریقا میں سب سے بڑا فوجی اڈا ہے۔ اس کو مصر کے سابق صدر مرحوم محمد نجیب کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔ افتتاحی تقریب میں مختلف عرب ممالک کے اعلیٰ سطح کے وفود نے شرکت کی ہے اور صدر عبدالفتاح السیسی نے ان کی شرکت کو عرب اتحاد کی مظہر قرار دیا اور عرب قوم کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تعمیری تعاون کی ضرورت پر زوردیاہے۔انھوں نے اپنی تقریر میں اس فوجی مستقر پر اپنی عسکری تربیت مکمل کرنے والے نئے گریجوایٹس پر زوردیا ہے کہ وہ ملک کو درپیش خطرات سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت چوکس رہیں۔انھوں نے کہا کہ ملک کی سلامتی، استحکام اور وقار کے لیے قربانی دینا قوم کے ان توانافرزندوں کی ذمے داری ہے اور وہ ایک تاریخی فوج کا حصہ بن رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ مصریوں نے ہمیشہ اپنی فوج پر مکمل اعتماد کیا ہے۔صدر السیسی نے مصر کے داخلی امور میں مداخلت کرنے والے ممالک کے بارے میں کہا کہ وہ کبھی ان کے ملک یا خطے کے ممالک کونقصان نہیں پہنچا سکیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی ملک کو دوسرے ممالک کے امور میں مداخلت کا حق نہیں ہے۔انھوں نے اپنی تقریر میں یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ دوسرے ممالک کو تباہ کرنے کے لیے اربوں ڈالرز صرف کیے جارہے ہیں۔ ان کے بہ قول اب جنگ کے حربے تبدیل ہوچکے ہیں اور دشمن براہ راست محاذ آرائی کے بجائے لوگوں میں خوف وہراس پھیلا رہا ہے۔انھوں نے کہاکہ ہمارے لوگوں کو قتل کرنے کے لیے دہشت گردی کی حمایت میں اربوں ڈالرز صرف کرنے والوں کو ہم کبھی معاف نہیں کرسکتے۔یہ پھر بھائی چارے اور ہمسائیگی کی بات بھی کرتے ہیں۔ان کا اشارہ قطر کی جانب تھا۔مصری صدر نے دہشت گردی کے اسپانسروں کو مخاطب کرکے کہا کہ بے گناہ لوگوں کا خون کبھی رائیگاں نہیں جائے گا۔مصر ایک امن پسند ملک رہے گا اور وہ دہشت گردوں کی دھمکیوں اور اس کے پیچھے کارفرما عناصر کے آگے کبھی نہیں جھکے گا۔ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی سے ملک میں اقتصادی اصلاحات اور ترقی کے عمل کو روکا نہیں جاسکے گا بلکہ اس کے مقابلے کے لیے ہر سطح پر کوششیں کی جائیں گی۔انھوں نے مصری عوام پر بھی زور دیا کہ وہ جامع اقتصادی ترقی کے لیے اپنے اپنے حصے کا بوجھ بٹائیں۔اس فوجی اڈے کی افتتاحی تقریب میں ابو ظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید،بحرین کے ولی عہد شہزادہ سلمان بن حمد الخلیفہ،مکہ کے گورنر شہزادہ خالد الفیصل، کویت کے وزیر دفاع شیخ محمد الخالد الحمد الصباح اور لیبیا کی قومی فوج کے کمانڈر فیلڈ مارشل خلیفہ حفتر سمیت عرب سفراء اور دوسرے اعلیٰ حکام نے شرکت کی ہے۔


Share: